سندھ ترقی پسند پارٹی نے بھارت کے سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنے کے فیصلے کو مسترد کردیا۔
چیئرمین سندھ ترقی پسند پارٹی ڈاکٹر قادر مگسی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدہ ختم کر کے بھارت پاکستان میں خانہ جنگی کروانا چاہتا ہے، بھارت اقوام متحدہ کے فیصلے کی خلاف وزی کر رہا ہے اور سندھ طاس معاہدہ ختم ہونے سے سب سے زیادہ نقصان سندھ کو ہوگا۔
قادر مگسی کا کہنا تھا کہ ملکی حکمرانوں کو بھارت کے فیصلے پر اقوام متحدہ کے سامنے احتجاج کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک نازک حالات سے گزر رہا ہے، بھارت کے اس فیصلے سے پاکستان اور خود بھارت کو بھی نقصان ہوگا اور یہ فیصلہ دونوں مملکتوں کا 1 کروڑ 65 لاکھ عوام کو قتل کرنے کی سازش ہے، بھارت سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے والا فیصلہ فوری واپس لے۔
انہوں نے کہا کہ ملکی حکمران بھی کینالز کا منصوبہ ختم کریں، سندھ، بلوچستان اور کے پی کی عوام اس وقت حقوق کے لیے احتجاج میں ہے، حکمرانوں کو ملکی سالمیت کے قدم اٹھانا چاہیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب پاکستان کے تین صوبے احتجاج میں ہیں اس وقت بھارت کا یہ فیصلہ پاکستان کو توڑنے کی سازش ہے، اقوام متحدہ بھارت کے اس فیصلے کا نوٹس لے۔