سن رائزرز حیدرآباد اور ممبئی انڈینز کے کھلاڑی آج اپنے آئی پی ایل میچ کے دوران بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے، جس میں گزشتہ روز پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے متاثرین کے سوگ میں چیئر لیڈرز اور آتش بازی نہیں کی جائے گی۔
دونوں ٹیمیں اس واقعے سے متاثرہ افراد کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کریں گی۔
بھارت کے زیر انتظام مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں گزشتہ روز دہشت گردانہ کارروائی میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کے ایک اہلکار کے مطابق آئ پی ایل میچ میں دونوں ٹیموں کے کھلاڑی بازو پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے اور کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردانہ حملے میں اپنی جان کی بازی ہارنے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ احترام کے طور پر ممبئی انڈینز بمقابلہ سن رائزرز حیدرآباد کے مابین میچ کے موقع پر کوئی چیئر لیڈرز نہیں ہوں گے نہ ہی کوئی پٹاخہ پھوڑا جائے گا۔
واضح رہے کہ بظاہر غیر معروف ’دی ریزسٹنس فرنٹ‘ نے پہلگام میں سیاحوں پر اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے، واقعے کی پاکستان سمیت دنیا بھر سے شدید مذمت کی گئی ہے۔
بھارتی بورڈ نے نے 2008ء میں ممبئی کے دہشت گردانہ حملوں کا الزام پاکستان پر دھرتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ کرکٹ ختم کردی تھی اور حال ہی میں چیمپیئنز ٹرافی کیلئے پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کردیا تھا، جس کے بعد آئی سی سی کو دبئی میں غیر جانبدارانہ مقام کیلئے انتظامات کرنے پر مجبور ہونا پڑا تھا۔