پنجاب پولیس میں سوشل میڈیا کے شوقین اہلکار ہوجائیں ہوشیار کیونکہ وردی پہن کر ٹک ٹاک بنانا مہنگا پڑسکتا ہے۔ سائبر پٹرولنگ یونٹ فعال کردیا گیا۔
پنجاب میں پولیس افسران و اہلکاروں کو یونیفارم پہن کر ویڈیو بنانے سے روکنے کیلئے سائبر پٹرولنگ یونٹ تشکیل دیدیا گیا ہے ۔ یونٹ پولیس افسران اور اہلکاروں کے سوشل میڈیا اکاونٹس، واٹس اپ اسٹیٹس اور کمنٹس کی نگرانی کریگا۔
کوئی بھی اہلکار وردی پہن کر مزاحیہ یا قابل اعتراض ویڈیو بناتا پایا گیا تو محکمانہ کارروائی ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ پولیس وردی کی تضحیک کا باعث بننے والے اہلکاروں سے کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ سائبر پٹرولنگ یونٹ کی نشاندہی پر قانونی کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق باوردی اہلکاروں کی سوشل میڈیا پر مزاحیہ ویڈیوز اور حکومتی پالیسیوں پر تنقید پر مشتمل مواد سامنے آنے پر مراسلہ بھی جاری کیا گیا لیکن اہلکاروں کی جانب سے سوشل میڈیا کے منفی استعمال کا سلسلہ نہ رک سکا۔