وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت کراچی واٹر سپلائی کی نگرانی کے لیے قائم کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا، جس میں کراچی کے تین بڑے واٹر پروجیکٹس پر پیشرفت اور مسائل کا جائزہ لیا گیا۔
احسن اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے تین منصوبے انتہائی اہم نوعیت کے حامل ہیں، جن میں کرلی بگھار فیڈر کنال، کے فور پروجیکٹ اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز کی بہتری شامل ہیں۔
وفاقی وزیر نے زور دیا کہ "کراچی کے تمام واٹر پروجیکٹس فعال، مربوط اور ہم آہنگ ہونے چاہئیں تاکہ شہر کو پانی کی کمی جیسے بحران سے نکالا جا سکے۔" انہوں نے کہا کہ کسی بھی منصوبے میں تاخیر سے فنڈز ضائع ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔
احسن اقبال نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کے ڈائریکٹرز مکمل ٹائم لائنز فراہم کریں تاکہ بجٹ اصل پیش رفت کے مطابق جاری کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا، "ڈائریکٹرز اپنی ذمہ داریاں واضح کریں اور جامع منصوبہ فوری طور پر جمع کرائیں۔"
وزیر منصوبہ بندی نے انکشاف کیا کہ کراچی میں روزانہ تقریباً 4.75 ملین گیلن پانی ضائع ہو رہا ہے۔ مزید برآں، انہوں نے بتایا کہ کراچی کا 42 فیصد پانی ضائع ہو جاتا ہے، جو ایک سنگین مسئلہ ہے اور اس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے۔






















