امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایرانی حکام کے ساتھ مذاکرات درست سمت میں جارہے ہیں روس اور یوکرین کے درمیان معاہدے کیلئے اچھا موقع ہے،اس ہفتے امکان ہے روس اور یوکرین کے درمیان معاہدہ طے پاجائے۔
واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی سطح پر جاری کشیدگیوں میں کمی کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان معاہدہ طے پانے کا یہ ایک اچھا موقع ہے۔ امکان ہے کہ اس ہفتے دونوں ممالک کسی معاہدے پر متفق ہو جائیں گے۔
صدر ٹرمپ نے بین الاقوامی تجارتی تعلقات پر بھی اعتماد ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ سب کے ساتھ تجارتی معاہدے کرے گا اور یورپی یونین کے ساتھ بھی معاہدہ جلد طے پا جائے گا۔
ایران کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کےمتعلق بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایرانی حکام کے ساتھ مذاکرات درست سمت میں جا رہے ہیں اور دونوں ممالک کے وفود کے درمیان حالیہ ملاقاتیں مثبت رہی ہیں ایران سے متعلق گفتگو میں پیشرفت دیکھنے کو ملی ہے جو ایک خوش آئند علامت ہے۔
آخر میں امریکی صدر ٹرمپ نے امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ وہ اچھا کام کر رہے ہیں۔