کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا 88 سالہ پوپ فرانسس طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں اور ان کے انتقال کے بعد اب نئے پوپ کے انتخاب کا عمل شروع ہوگا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق نئے پوپ کا انتخاب ’پیپل کونکلیو‘ نامی خصوصی الیکشن کے ذریعے کیا جائے گا جس میں صرف کیتھولک چرچ کے اعلیٰ مذہبی رہنما، یعنی کارڈینلز، ووٹ دینے کے اہل ہوتے ہیں۔
اس وقت 138 کارڈینلز جن کی عمر 80 سال سے کم ہے ووٹنگ کے لیے اہل ہیں۔
نئے پوپ کے انتخاب کے لیے امیدوار کو دو تہائی اکثریت حاصل کرنا ضروری ہے اور یہ عمل کئی ہفتوں یا مہینوں تک جاری رہ سکتا ہے۔
انتخابی عمل کے دوران روم میں واٹیکن کی سسٹین چیپل کی چمنی سے نکلنے والا دھواں فیصلے کی علامت ہوتا ہے۔
کالا دھواں اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ابھی پوپ کا انتخاب نہیں ہوا جبکہ سفید دھواں نئے پوپ کے انتخاب کا اعلان ہوتا ہے۔
کیتھولک برادری اور دنیا بھر کے لوگ اس اہم انتخاب کے نتائج کے منتظر ہیں جو کیتھولک چرچ کی مستقبل کی سمت طے کرے گا۔