پاکستان اور اہم افریقی ملک روانڈا میں دوستی اور تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگیا۔ سفارتی تربیت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے ایم او یوز پر دستخط ہوگئے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور روانڈا کے وزیر خارجہ اولیور جان پیٹرک کے درمیان مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے اہم فیصلے کرلیے گئے۔ سفارتی تربیت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے ایم او یوز پر دستخط کئے گئے۔
اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور روانڈا کے وزیرخارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران دوطرفہ تعلقات اور تعاون کو مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا۔ اسحاق ڈار نے روانڈ کی ترقی کرتی معیشت میں کردار ادا کرنے کی پیشکش کی۔ اسحاق ڈار نے دوطرفہ تعاون کیلئے مختلف شعبوں کی نشاندہی بھی کر دی ۔ روانڈا کے وزیرخارجہ نے پاکستان کے ساتھ تجارت کا حجم بڑھانے کی خواہش ظاہر کی۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان روانڈا کی مصنوعات کےلیے ایک امید افزا منڈی ہے۔ روانڈا کی کافی، ایواکاڈو، دالوں اور باغبانی کی مصنوعات کی مزید درآمدات کی جا رہی ہیں ۔ پاکستان کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ برآمدات جیسے کہ دواساز مصنوعات ، ٹیکسٹائل، چاول، جراحی کے آلات، زرعی ٹیکنالوجی اور کھیلوں کا سامان روانڈا کی تیزی سے ترقی کرتی معیشت میں زبردست امکانات رکھتی ہیں۔
مہمان وزیرخارجہ اولیور جان پیٹرک کا کہنا تھا پاکستان کیلئے اپنی مصنوعات روانڈا کو برآمد کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں، مستقبل میں دوطرفہ تجارت کا حجم بڑھائیں گے۔
اولیور جان پیٹرک کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے ساتھ کاروبار کرنا چاہتے ہیں اور پاکستانی کاروباری اداروں کو روانڈا میں امکانات کی تلاش کی دعوت دیتے ہیں، جو کہ مواقع کی سرزمین ہے ۔ ایسی بہت سی چیزیں ہیں جو روانڈا پاکستان کو فراہم کر سکتا ہے ۔ فی الحال روانڈا صرف 26 ملین امریکی ڈالر مالیت کی اشیاء برآمد کرتا ہے۔ لیکن ہم چاہتے ہیں کہ یہ اعداد و شمار مستقبل قریب میں بڑھیں۔
اسحاق ڈار نے بتایا پاکستان نے روانڈا کے دارالحکومت کیگالی میں اپنا ہائی کمیشن 2021 میں قائم کیا تھا ۔ اب روانڈا کے وزیرخارجہ اسلام آباد میں اپنے ہائی کمیشن کا افتتاح کریں گے ۔ جو دوطرفہ تعلقات مضبوط ہونے کا ثبوت ہے۔