کراچی میں گڈز ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کردی، بندرگارہ سے درآمدی و برآمدی کارگو کی ترسیل معمول پر آگئی۔
کمشنر کراچی اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کا مؤقف ہے کہ گاڑیوں کی بے جا پکڑ دھکڑ پر شروع ہونیوالی ہڑتال ختم کردی ہے، کمشنر سے طے پایا ہے کہ گاڑیوں میں ٹریکر لگائیں گے اور ہر دس روز بعد رپورٹ اے آئی جی ٹریفک کو جمع کرائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ مہم روک دے گی، کراچی میں 10 ہزار ہیوی ویکلز موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کمشنر کراچی نے ٹرانسپورٹرز کو اپنی گاڑیوں کی فٹنس یقینی بنانے کیلئے 6 ماہ کی مہلت دینے پر اتفاق کیا ہے۔
کراچی کی دو بندرگاہوں پر 4 روز سے ہڑتال جاری تھی جس کے باعث کنٹینرز میں موجود خراب ہونے والی اشیاء کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بڑھ گیا تھا جبکہ سامان پر امریکی ڈالر میں ڈیمرج چارجز کا خطرہ بھی منڈلا رہا تھا۔