لاہور شہر میںیتیم بچوں کی کفالت کرنےوالے آغوش آرفن کیئر ہوم نے یتیم گریجویٹ طلبہ کے اعزاز میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا ۔
رپورٹس کے مطابق آغوش آرفن کیئر ہوم سینٹر جو کئی یتیم بچوں کی کلاس اول سے لیکر گریجویٹ ہونے تک کی کفالت کا ذمہ لیتا ہے۔ آغوش آرفن کیئر ہوم شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کے زیر سایہ چلنے والا فلاحی ادارہ ہے۔ طلبہ کے اعزاز میں رکھی گئی تقریب میں آغوش آرفن کیئر ہوم کےبانی شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے گریجویٹ طلبہ کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں کہا کہ آغوش آرفن کیئر ہوم کے طلباء ہماری اولاد ہیں جنہیں بہترین مستقبل فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
چیئرمین آغوش کمپلیکس پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیماتِ اِسلام میں یتیموں کی پرورش پر خاص زور دیا گیا ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا میں اور یتیم کی کفالت کرنے والا دو انگلیوں کی طرح ساتھ ہوں گے۔انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ کو خصوصی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آغوش آپکا گھر ہے جہاں آپ جب چاہیں تشریف لا سکتے ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور ڈاکٹر فضاء حسین قادری نے مہمانوں کے ہمراہ فارغ التحصیل طلبہ کو شیلڈز اور سرٹیفکیٹس پیش کیے۔
یتیم طلباء کی گریجویشن تقریب میں سابق صوبائی وزیر محترم محمد رضوان، محترمہ پروین سرور چوہدری چیئرمین سرور فاؤنڈیشن، معروف ٹرینر و ماہر تعلیم محترمہ حمیرا بھٹو، محترم ذکراللہ مجاہد مرکزی نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان، وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر ساجد محمود شہزاد، میڈیا کوآرڈینیٹر آغوش آرفن کیئر ہوم محترم محمد اعظم ، آغوش کے ڈونرز اور منہاج القرآن انٹرنیشنل کے مرکزی ذمہ داران سمیت مختلف سیاسی و سماجی شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔
ڈائریکٹر آغوش کمپلیکس کرنل( ر) مبشر اقبال نے تقریب میں تشریف لائے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور آغوش کمپلیکس کے متعلق جامع بریفننگ بھی دی۔
خیال رہے کہ اکتوبر 2005 میں ملک پاکستان کے شمالی علاقہ جات بالخصوص آزاد کشمیر شدید زلزلوں کی لپیٹ میں آیا جس سے لاکھوں لوگ براہ راست متاثر ہوئے۔ہزاروں یتیم بچے ناصرف بے سہارا ہوئے بلکہ تعلیم کی سہولت سے بھی محروم ہوئے۔ درجنوں قومی و بین الاقوامی تنظیموں نے وقتی طور پر متاثرین کی بحالی کیلئے اقدامات کیے۔ لیکن شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی خصوصی ہدایات اور ویثرن کے تحت منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن نے اس سانحے کے یتیم بچوں کی فلاح و بہبود اور تعلیم و تربیت کے عظیم مقصد کے پیش نظر آغوش آرفن کیئر ہوم کی بنیاد رکھی۔