امریکی ریاست نیویارک میں ایک چھوٹا طیار کھیت میں گرکر تباہ ہوگیا، واقعے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق نیشنل ٹرانسپورٹ سیفٹی بورڈ کے ایک افسر ٹوڈ انمین نے امریکی ریاست نیویارک میں چھوٹا طیارہ گرنے کی تصدیق کی ہے تاہم ہلاکتوں کی تعداد بتائے بغیر کہا کہ ادارہ واقعے کی تحقیقات کررہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مٹسوبشی ایم یو ٹو بی 40 جہاز اتوار کو کولمبیا کاؤنٹی سے 16 کلومیٹر دور ایک کھیت میں گر کر تباہ ہوا۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق جہازمیں سوار تمام 6 افراد ہلاک ہوگئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مرنے والوں میں پائلٹ اور نیورو سرجن مائیکل گروف، ان کی اہلیہ اور بچے شامل ہیں۔
ٹوڈ انمین نے کہا کہ کریش سے قبل ویزیبیلیٹی کم تھی، لیکن پائلٹ ماہر تھا اور کاک پٹ کو حال ہی میں اپ ڈیٹ کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ایک ہفتہ قبل امریکا کے دریائے ہڈسن میں ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں 6 افراد مارے گئے تھے۔
جنوری میں واشنگٹن میں ایک جنگی اور مسافر طیارے میں ٹکراؤ سے 67 افراد ہلاک ہوئے تھے، جمعہ کو فلوریڈا میں تکنیکی خرابی کے باعث ایک چھوڑا جہاز تباہ ہوا تھا جس میں سوار 3 افراد ہلاک ہوئے تھے۔