چیف آف آرمی اسٹاف ( سی او اے ایس ) جنرل عاصم منیر سے امریکی کانگریس کے وفد نے ملاقات کی ہے جس کے دوران آئی ٹی کے شعبے میں تربیتی تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق امریکی کانگریس کا وفد جیک برگمین کی قیادت میں تھامس سوزی اور جوناتھن جیکسن پر مشتمل تھا جبکہ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور علاقائی سلامتی اور دفاعی تعاون پر زور دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین کی جانب سے باہمی احترام، مشترکہ اقدار اور اسٹریٹیجک مفادات پر مبنی پائیدار روابط کی اہمیت کا اعادہ کیا گیا۔
امریکی وفد نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اہم کردار ادا کرنے پر پاکستان کی مسلح افواج کی تعریف کی اور علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی لازوال خدمات کا اعتراف کیا۔
وفد نے وسیع البنیاد دوطرفہ تعاون بالخصوص سلامتی، تجارت ، سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کیلئے مضبوط عزم کا اظہار بھی کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے امریکی وفد کو ان کے دورے پر خراج تحسین پیش کیا اور پاکستان کی امریکا کے ساتھ دیرینہ شراکت داری کے مزید فروغ کی خواہش کا اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران آئی ٹی کے شعبے میں تربیتی تعاون کیلئے مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کئے گئے۔