وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ افغان عبوری حکومت بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہانے والے دہشت گردوں کو لگام دے اور دوحا معاہدے کی پاسداری کی جائے۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کے دوران بیلاروس کے دورے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا دوست ملک کی زراعت میں مہارت سے ہم فائدہ اٹھائیں گے اور اب جواسپیڈ ہے وہ سپر پاکستان اسپیڈ ہے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیز کنونشن کا تاریخی آغاز ہو رہا ہے، اور اوورسیز ہر سال پاکستان میں اربوں ڈالر بھیجتے ہیں،ان کے کے جائز مطالبات کو غور سے سنیں گے اور جائز مطالبات پر جتنا ہوسکا اتنی تیزی سےعمل کریں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ افغانستان ہمارا پڑوسی اور برادر ملک ہے، ہمیں ہمسائے طور پر ہمیشہ ساتھ رہنا ہے، یہ ہم پر منحصر ہے کہ اچھے ہمسائے بنیں یا تنازعات میں الجھتے رہیں، افغان کی عبوری حکومت کو ہم نے کئی دفعہ کہا ہے کہ دوحا معاہدے کے تحت افغان زمین دہشتگردوں کی جانب سے استعمال ہونے نہ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بے گناہ لوگوں کو انہوں نے شہید کیا ہے اور یہ قربانیاں جو پاکستانیوں نے دیں یہ رائیگاں نہیں جائیں گی، ہمارا مخلصانہ مشورہ ہے کہ وہ فی الفور ان دہشتگردوں کو لگام ڈالیں اور اپنی دھرتی کو استعمال کرنے کا قطعاً موقع فراہم نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی لیڈرشپ میں ہم قوم کی خدمت کر رہے ہیں، ترقی کرتا ہوا اور خوشحالی کی طرف تیزی سے بڑھتا ہوا پاکستان ہماری منزل ہے اور ہم یہ منزل شبانہ روز محنت کر کے حاصل کریں گے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ لاکھ ہنرمند پاکستانی نوجوانوں کے بیلاروس میں روزگار کے رضامندی ہوئی ہے، نوجوانوں کو میرٹ کی بنیاد پر بیلاروس بھیجیں گے۔
شہباز شریف نے بتایا کہ بیلاروس کا دورہ کامیاب رہاا ور ہماری بہت اچھی گفتگو ہوئی، بیلاروس کی زراعت میں مہارت سے ہم فائدہ اٹھائیں گے اور زرعی مشینری کیلئے بیلاروس کی کمپنیوں سے جوائنٹ وینچرز کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مائنز اینڈ منرلز کے حوالے سے اللہ نے پاکستان کو خزانوں سے نوازا ہے اور مائنز کے حوالے سے مشینری بھی بیلاروس میں بنتی ہے، میں بیلاروس میں ان فیکٹریوں کا بھی دورہ کیا ہے، انہوں نے بہت اچھی فیکٹریاں بنائی ہیں ، باہمی تعاون بڑھے گا۔