خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں پولیس نے دہشت گردوں کے خلاف بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کیا جس میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق پولیس اسٹیشن تاجوری اور برگئی کی حدود میں خانخیل مندزئی کے جنگل میں گزشتہ شب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن شروع کیا گیا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) لکی جواد اسحاق کی سربراہی میں سی ٹی ڈی، کوئیک رسپانس فورس، اور مقامی پولیس نے مشترکہ کارروائی کی۔
آپریشن کے دوران صبح 10:45 بجے دہشت گردوں کے ساتھ دو گھنٹے تک شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دونوں اطراف سے بھاری اسلحہ استعمال کیا گیا، پولیس نے بغیر کسی جانی نقصان کے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ متعدد زخمی دہشت گرد فرار ہوگئے۔
ڈی پی او لکی کے مطابق مقامی عوام اور امن کمیٹی نے آپریشن میں بھرپور تعاون کیا جس سے یہ کامیابی ممکن ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی بہادری اور محبت نے پولیس کے حوصلے بلند کیے ہیں۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے لکی پولیس کی جرات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے آپریشن میں شامل جوانوں کے لیے نقد انعامات اور توصیفی اسناد کا اعلان کیا۔
آئی جی نے مزید کہا کہ صوبے بھر میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور لکی مروت میں پولیس دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں کا موثر جواب دے رہی ہے، آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کا سراغ لگایا جاسکے۔