وزیراعظم شہباز شریف نے ایران میں 8 پاکستانیوں کے بیہمانہ قتل پر گہرے دکھ او ررنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطےمیں موجود ممالک کو ملکر دہشتگردی کیخلاف مربوط حکمت عملی پرعملدرآمد کرنا ہوگا۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ دہشتگردی کا ناسور خطے میں موجود تمام ملک کیلئے تباہ کن ہے، خطے میں موجود ممالک کوملکر دہشتگردی کیخلاف مربوط حکمت عملی پرعملدرآمد کرنا ہوگا۔
شہباز شریف نے نے کہا کہ ایرانی حکومت ملزمان گرفتار کرکے واقعی سزا دے اور اس بہیمانہ اقدام کی وجوہات عوام کے سامنے لائیں۔ وزیراعظم نے وزارت خارجہ کو پاکستانیوں کے اہلخانہ سے رابطہ، ایران میں پاکستانی سفارتخانے کو میتیں بحفاظت واپسی لانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کردی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان میں پاک، ایران سرحد کے قریب ایک افسوسناک واقعے میں 8 پاکستانیوں کو قتل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق مقتولین موٹر میکینکس تھے اور ان کا تعلق پاکستان کے شہر بہاولپور سے تھا۔
اندوہناک واقعہ صوبہ سیستان میں ضلع مہرستان کے گاؤں حائض آباد میں پیش آیا اور تمام مقتولین کو ہاتھ پاؤں باندھ کر گولیاں ماری گئیں جبکہ مقتولین میں دِلشاد، اُس کا بیٹا نعیم، جعفر، دانش ، ناصر اور دیگر شامل ہیں۔
مقتولین کار مرمت ، پالش اور پینٹنگ والی ورکشاپ میں رہائش پذیر تھے، حملہ آوروں نے رات کے وقت ورکشاپ میں گھس کر فائرنگ کی۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ افسوسناک واقعے سے آگاہ اور ایرانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں، حقائق اور تصدیق شدہ معلومات ملنے پر ہی کوئی ردعمل دیں گے۔