ملک میں آن لائن مالیاتی فراڈ کی نئی کوششوں کا انکشاف ہوا ہے، جس میں جعلساز شہریوں کی ذاتی اور مالی معلومات چرانے کے لیے جعلی کالز کر رہے ہیں۔
یہ دھوکہ دہی عموماً ایک آٹومیٹڈ کال سے شروع ہوتی ہے جس میں ایک خاتون کی آواز سنائی دیتی ہے: ”السلام علیکم، یہ کال پی ٹی اے کی جانب سے ہے۔“ کال کے دوران دعویٰ کیا جاتا ہے کہ آپ کے نمبر پر شکایت موصول ہوئی ہے، جس کی تصدیق ہوچکی ہے، اور خبردار کیا جاتا ہے کہ اگر فوری معلومات فراہم نہ کی گئیں تو آپ کے نام پر رجسٹرڈ تمام سم کارڈز دو گھنٹوں کے اندر بند کر دیے جائیں گے۔
کال میں بینک کی خودکار کالز کی طرز پر آپ سے کہا جاتا ہے کہ ”9“ دبائیں۔ جیسے ہی آپ ”9“ پریس کرتے ہیں، فراڈیے آپ سے شناختی کارڈ نمبر، بینک اکاؤنٹ کی تفصیلات اور دیگر حساس معلومات طلب کرتے ہیں، اور دھمکی دی جاتی ہے کہ اگر تفصیلات فراہم نہ کی گئیں تو آپ کی فون سروس معطل کر دی جائے گی۔
یہ تمام کالز جعلی ہیں اور پی ٹی اے سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ عوام کو سختی سے ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ ایسی کسی بھی کال پر اپنی ذاتی یا مالی معلومات فراہم نہ کریں۔ ان جعلسازیوں کا مقصد لوگوں کے بینک اکاؤنٹس سے رقم چوری کرنا یا ان کی شناخت کو غیر قانونی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ہے۔
حکام کے مطابق ایسی کال موصول ہوتے ہی فوری طور پر کال منقطع کریں، کسی بھی قسم کی ذاتی یا مالی معلومات ہرگز نہ دیں۔ واقعے کی رپورٹ ایف آئی اے اور پی ٹی اے کو دیں، اپنی حفاظت خود کریں اور دوسروں کو بھی ہوشیار رہنے کی تلقین کریں۔