وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہاہے کہ پاک بیلاروس مضبوط تعلقات کو اقتصادی شراکت داری میں بدلنا ہے، دونوں ملکوں کےدرمیان تعلقات سے خطے میں روابط کو فروغ ملے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ بیلا روس کے دوران وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صدر لوکاشنکو کا نواز شریف کے ساتھ بہت اچھا تعلق ہے، پاکستان اور بیلاروس کے درمیان برادرانہ تعلقات قائم ہیں، دونوں ملکوں کےدرمیان بزنس فورم کلیدی اہمیت رکھتا ہے، بیلاروس کے صدر پاکستان سے تعلقات کو بہت اہمیت دیتے ہیں، بزنس فورم میں پاکستان،بیلاروس کی کمپنیاں تجربات کا تبادلہ کریں گی، پاک بیلاروس مضبوط تعلقات کواقتصادی شراکت داری میں بدلناہے،دونوں ملکوں کےدرمیان تعلقات سے خطے میں روابط کو فروغ ملے گا، کاروباری طبقے کو سہولت کی فراہمی سے معیشت مزید مضبوط ہو گی۔
وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ بیلاروس اہمیت کاحامل ہے، بیلاروس کے ساتھ طے پانے والے معاہدوں پر پیشرفت ہو گی، دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہو گا، پاکستان اور بیلاروس کی قیادت دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دینے کیلئے پر عزم ہے، مؤثر خارجہ پالیسی سے عالمی سطح پر پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا، معاشی اور اقتصادی سفارتکاری کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں،
وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ بیلاروس کے ساتھ ہمارے بہت مضبوط تعلقات ہیں، پاکستان اور بیلاروس کے درمیان بزنس فورم کا انعقاد کیا جا رہا ہے، بزنس فورم میں پاکستان سے 100 سے زائد کمپنیاں شریک ہیں، وزیراعظم کے تمام دوروں میں بزنس کمیونٹی کی نمائندگی ہوئی ہے، بزنس فورم میں زراعت اور آئی ٹی سمیت تمام شعبوں سے نمائندے شامل ہیں، دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب ہو رہی ہے، ٹیرف کے معاملات کو بزنس کمیونٹی نے مل کر حل کرنا ہے۔