ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) نے لاہور میں اہم کارروائی کرتے ہوئے تحریری امتحانات کے دوران امیدواروں کو غیر قانونی امداد فراہم کرنے والے نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔ کارروائی کے دوران نیٹ ورک کا سرغنہ دو ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
اے ایس ایف حکام کے مطابق بھرتی امتحانات کے دوران متعدد امیدواروں کے قبضے سے جدید الیکٹرانک آلات برآمد کیے گئے جنہیں نقل کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ہر امیدوار سے 2.5 لاکھ سے 6 لاکھ روپے تک کی رقم وصول کرتے تھے تاکہ امتحان میں کامیابی کے لیے ٹیکنالوجی کے ذریعے مدد فراہم کی جا سکے۔
گرفتار سرغنہ کے قبضے سے 80 سے زائد جدید ڈیوائسز برآمد کی گئیں جن میں سمارٹ ڈیوائسز، سم کارڈز، مدر بورڈز، ایل سی ڈیز، مائیکروفونز، سمارٹ واچز، بلوٹوتھ ڈیوائسز اور موبائل فونز شامل ہیں۔
تمام گرفتار ملزمان اور ملوث امیدواروں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، جب کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔