کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت نے قتل اور منشیات اسمگلنگ کے ملزم ارمغان کو ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ ایف ائی اے نے ملزم کامران قریشی کے جسمانی ریمانڈ کا مطالبہ کیا تو متعلقہ عدالت سے این او سی لانے کی ہدایت کردی۔
ایف آئی اے نے جیل حکام کے ذریعے ملزم ارمغان کو انسدادہشت گردی عدالتوں کے منتظم جج کے روبرو پیش کیا۔ عدالت نے ملزم ارمغان کو 14 اپریل تک جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔
عدالت نے جیل حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ملزم کو آئندہ سماعت پر عدالت میں ویڈیولنک کے ذریعے پیش کرنے کا حکم جاری کردیا۔ ملزم کے خلاف 2019ء سے منشیات کی اسمگلنگ کے مقدمات زیرسماعت ہیں۔
ادھر جیل پولیس نے غیر قانونی اسلحہ اور منشیات برآمدگی کے مقدمے میں گرفتار کامران قریشی کو عدالت میں پیش کیا۔ دوران سماعت تفتیشی افسر کی عدم موجودگی پر شدید اظہار برہمی کیا اور تفتیشی افسر کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔
ایف آئی اے نے ملزم کامران قریشی کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی تاہم عدالت نے ایف آئی اے کو متعلقہ عدالت سے این او سی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 16 اپریل تک سماعت ملتوی کردی۔