اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر احتجاج کیس میں پی ٹی آئی رہنما سالار کاکڑ سمیت 20 کارکنان کو بری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں 26 نومبر احتجاج کیس میں سالار کاکڑ سمیت 20 کارکنان کو شناخت پریڈ کے بعد عدالت پیش کیا گیا۔
پولیس کی جانب سے ملزمان کی 30 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی۔ عدالت نے30 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرکے مقدمے میں نامزد سالار کاکڑ سمیت تمام ملزمان کو مقدمے سے بری کردیا۔
دوران سماعت وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ سالار خان کاکڑ کو آئسولیشن میں رکھا گیا ہے، پراسیکیوشن کہہ رہی ہے کہ سالار کاکڑ یہ نہیں کوئی اور ہے، وقوعہ کو نومبر میں ہوا،اپریل میں شناخت پریڈ ہورہی ہے کیا اہمیت ہوگی؟۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنما سالار کاکڑ سمیت تمام ملزمان کو مقدمے سے ڈسچارج کردیا۔