ایف بی آر نے آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ کے حوالے سے تجاویز پیش کردیں۔
رواں مالی سال کے بجٹ میں ایف بی آر نے پراپرٹی کی فروخت پر ٹیکس فائلر کے لیے 3 فیصد اور نان فائلر کے لیے 5 فیصد فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کی تھی، ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے فیصلہ کیا ہے کہ اس ٹیکس کو ختم کیا جائے گا۔ وزیراعظم ٹاسک فورس نے آئی ایم ایف وفد سے بھی اس حوالے سے مذاکرات کیے ہیں۔ اس ٹیکس کے تحت 30 جون 2024 کے بعد سے کسی بھی فروخت ہونے والے گھر، پلاٹ، جائیداد اپارٹمنٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی عائد کر دی گئی تھی جس سے مارکیٹ میں ریئل اسٹیٹ مارکیٹ پر بڑا فرق پڑا تھا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں 108 ارب روپے کا ٹیکس پراپرٹی اور جائیدادوں سے متعلقہ ٹرانزیکشن سے وصول کیا ہے جو گزشتہ سال کی نسبت 18 فیصد زیادہ ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئندہ بجٹ میں سالانہ 6 لاکھ آمدن والوں کو بھی ٹیکس چھوٹ کی تجویز زیر غور ہے، رواں سال کے بجٹ میں اس طبقے پر بھی پہلی مرتبہ ٹیکس عائد کیا گیا تھا۔ یہ تجاویز آئی ایم ایف کی منظوری سے مشروط ہوں گی۔ آئندہ بجٹ میں صرف 6 لاکھ سالانہ آمدن والے افراد کو ریلیف دینے کی تجویز زیر غور ہے البتہ ہو سکتا ہے کہ 12 لاکھ روپے سالانہ آمدن والوں کو بھی معمولی ٹیکس ریلیف دیا جائے جبکہ زیادہ تنخواہ دار طبقے کے لیے فی الحال کسی بھی ریلیف کی تجویز زیر غور نہیں۔
ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے بجٹ میں زیادہ ماہانہ پینشن وصول کرنے والوں پر بھی ٹیکس عائد کرنے کی تجویز زیر غور ہے اس کے علاوہ پیٹرول پر چلنے والی گاڑیوں پر پہلے سے عائد بھاری ٹیکس اور ڈیوٹی کو بھی مزید بڑھانے کا امکان ہے، البتہ الیکٹرک گاڑیوں پر مزید ٹیکس کم کرنے کی تجویز سامنے آرہی ہے جبکہ پیٹرول پر فی لیٹر 5 روپے کاربن لیوی عائد کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔