لاہور ہائیکورٹ نے ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی تقرری کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے اپیل کو ناقابل سماعت قراردیتے ہوئے مسترد کردیا۔
جسٹس چوہدری محمد اقبال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے اپیل پرمحفوظ فیصلہ سنایا۔ سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل خاتون اشبا کامران نے دائر کررکھی تھی ۔ اپیل میں وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔
اپیل میں موقف اختیار کیا گیا کہ آئین پاکستان میں ڈپٹی وزیراعظم کا کوئی عہدہ نہیں ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو ڈپٹی وزیراعظم مقرر کیا ۔ جو غیر قانونی اور اختیارات کا ناجائز استعمال ہے۔ سنگل بینچ نے درخواست پر قانونی کے برعکس فیصلہ دیا۔ عدالت سنگل بنیچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے ۔
وفاقی حکومت کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے عدالت کو بتایا تھا رولز آف بزنس ڈپٹی وزیراعظم تعینات کرنے کا اختیار دیتے ہیں ۔ اپیل ناقابل سماعت ہے۔ عدالت مسترد کرے عدالت نے کاروائی کے بعد اپیل کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔