نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت اعلٰی سطح کا اجلاس ہوا جس دوران دوست ممالک کی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ نائب وزیراعظم نے بہتر ادارہ جاتی ہم آہنگی اور سرمایہ کاری منصوبوں پر تیز رفتارعملدرآمد کیلئے زور دیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی زیرصدارت اجلاس میں معاون خصوصی طارق باجوہ ۔ سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری پیٹرولیم نے شرکت کی۔ وزارت خزانہ اور متعلقہ محکموں کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس میں بنیادی ڈھانچے۔ توانائی۔ پٹرولیم اور اقتصادی ترقی میں غیرملکی سرمایہ کاری پر مشاورت کی گئی۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ سرمایہ کاری کو معاشی ترقی اور خوشحالی کے ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کیلئے حکومتی عزم کا اعادہ بھی کیا۔