وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ این ایف سی میں 256 ارب روپے ہمارا آئینی حق ہے جو نہیں دیا گیا۔ ہمارا حق نہیں دوگے تو چھین کر لیں گے۔
مردان میں ایک تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ اپناتن من دھن قربان کریں گے،پاکستان کومافیا سے آزاد کرائیں گے، کوئی پیچھے دھکیلےگا تو زور لگا کر آگے آئیں گے۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ قرضوں پر چلنے والی قوم آزاد اور ترقی یافتہ نہیں بن سکتی، 13 ماہ میں 50 ارب روپے کا قرض اتارچکے۔ آئندہ بجٹ میں ارکان اسمبلی کو 50،50 کروڑ روپے دیں گے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم نے مل کر محنت اور اپنے پاؤں پر کھڑے ہوناہے، صحت، تعلیم اور انفرااسٹرکچر کیلئے بجٹ مختص کریں گے۔ آنےوالابجٹ ہمارےوژن کےمطابق ہوگا۔ بڑی اسکیمیں اے ڈی پی میں آئیں گی، ان علاقوں کوبھی آگےلائیں گے جو پیچھے رہ گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی پاکستان کیلئے قربانی دے رہے ہیں، ہم نے پاکستان پرمافیا کے قبضے کے خلاف آواز اٹھائی، اس جنگ میں وقت اورقربانی لگے گی، اس جنگ کیلئے ہمیں اپناتن، من، دھن لگانا پڑے گا۔ ہماری نیت ٹھیک ہوگی تو کامیابی قریب ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہمارا مقصد پاکستان میں آئین اور انسانی حقوق کی بالادستی ہے، ہم نے کمیاں دیکھی ہم پیچھے ہٹ گئے تو شاید ہماری نسلیں کمیاں دیکھیں گی۔