امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چینی درآمدات پر نئی 54 فیصد ٹیرف کے نفاذ کے بعد، تجزیہ کاروں نے خبردار کیا ہے کہ ایپل کمپنی کے فلیگ شپ آئی فونز کی قیمتوں میں 43 فیصد تک اضافہ ہوسکتا ہے، جس سے صارفین کو شدید مالی دباؤ کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایپل، جو کہ اپنے زیادہ تر آئی فونز چین میں تیار کرتا ہے، اب دو راہے پر کھڑا ہے: یا تو یہ اضافی لاگت خود برداشت کرے یا اسے صارفین پر منتقل کرے۔
روزن بلیٹ سیکیورٹیز کے تخمینوں کے مطابق، اگر یہ ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنی (ایپل) مکمل لاگت صارفین پر منتقل کرنے کا فیصلہ کرتی ہے، تو اس کے ڈیوائسز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوسکتا ہے۔ موجودہ طور پر iPhone 16 Pro Max کی قیمت $1,599 ہے، جو نئے ٹیرف نظام کے تحت بڑھ کر $2,300 تک پہنچ سکتی ہے۔ اسی طرح، iPhone 16 جو $799 کی قیمت پر لانچ ہوا تھا، اس کی قیمت بڑھ کر تقریباً $1,142 ہو سکتی ہے، جبکہ iPhone 16e، جو فروری میں $599 کی قیمت پر متعارف کروایا گیا تھا، بڑھ کر $856 تک پہنچ سکتا ہے۔
اس اعلان کے بعد ایپل کے شیئرز میں 9.3 فیصد کمی واقع ہوئی — جو مارچ 2020 کے بعد سب سے بڑی گراوٹ ہے۔ ایپل سالانہ 220 ملین سے زائد آئی فون فروخت کرتا ہے، جن میں سب سے بڑے مارکیٹس امریکہ، چین اور یورپ شامل ہیں۔
یاد رہے کہ ماضی میں ٹرمپ حکومت نے پہلے بھی ایسی پالیسیاں اپنائی تھیں اور ایپل کو کچھ حد تک چھوٹ دی گئی تھی، مگر اس بار تاحال کسی بھی قسم کی استثنیٰ نہیں دی گئی۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر یہ ٹیرف برقرار رہے تو امریکی مہنگائی کی موجودہ صورتحال میں صارفین کی جانب سے مہنگے فونز کی مانگ میں نمایاں کمی آسکتی ہے۔
اب امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایپل چین پر انحصار کم کرنے کے لیے بھارت یا ویتنام میں اپنی مینوفیکچرنگ کی بنیادیں قائم کرسکتا ہے تاکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کی تجارتی رکاوٹوں سے بچا جا سکے۔
اس ٹیرف کا اثر نہ صرف آئی فون بلکہ آئی پیڈ، میک بُک اور دیگر ایپل پروڈکٹس پر بھی پڑنے کا امکان ہے۔
پاکستان میں ایپل آئی فون 16 کی موجودہ قیمتیں:
iPhone 16 Pro Max 1TB – Rs. 715,499
iPhone 16 Pro 1TB – Rs. 674,499
iPhone 16 Pro Max 512GB – Rs. 634,499
iPhone 16 Pro 512GB – Rs. 593,499
iPhone 14 Pro Max – Rs. 565,999
iPhone 16 Pro Max – Rs. 554,499
iPhone 14 Pro – Rs. 518,999
iPhone 16 Pro 256GB – Rs. 511,499
iPhone 15 Pro Max – Rs. 474,999
iPhone 16 Pro – Rs. 472,499
iPhone 16 Plus 256GB – Rs. 459,499
iPhone 14 Plus – Rs. 422,999
اگر عالمی سطح پر قیمتوں میں اضافہ ہوا تو پاکستان میں بھی ان پروڈکٹس کی قیمتوں میں مزید اضافہ یقینی ہے، جس سے عوام کی قوتِ خرید متاثر ہوگی۔