تھانہ صدر یزمان کی حدود میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں محض انشورنس کے 25 لاکھ روپے کی لالچ میں ایک بیٹے نے اپنے سگے والد کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مقتول غلام شبیر نے 25 لاکھ روپے کا انشورنس کروا رکھا تھا، جس کا علم اس کے بیٹے زبیر کو تھا۔ زبیر شادی کا خواہشمند تھا لیکن مالی وسائل نہ ہونے کے باعث وہ ذہنی دباؤ میں تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق زبیر کو ایک لڑکی کی والدہ نے مشورہ دیا کہ اگر وہ بیمے کی رقم حاصل کرنا چاہتا ہے تو اپنے باپ کو راستے سے ہٹا دے۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ زبیر نے اس مشورے پر عمل کرتے ہوئے اپنی والدہ اور ایک قریبی ساتھی کے ساتھ مل کر اپنے والد غلام شبیر سے جھگڑا کیا۔ جھگڑے کے دوران زبیر نے اپنے باپ پر فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہوگیا۔
غلام شبیر کو شدید زخمی حالت میں اسپتال لے جایا جا رہا تھا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد پولیس نے مقتول کے قریبی رشتہ دار، جو کہ ایک زمیندار ہیں، کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم زبیر کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔