بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کے گرنے کا سلسلہ نہ تھم سکا، بھارتی فضائیہ کی نا اہلی اور غیر پیشہ ورانہ طرز عمل ایک بار پھر منظر عام پر آگئی۔
بھارتی فضائیہ اندرونی طور پر ناکامیوں، تکنیکی خرابیوں کا شکار ہے، بھارتی فضائیہ کا خطے کی طاقتور ایئر فورس بننے کا خواب چکنا چور ہوگیا۔ مودی سرکار کی کرپشن اور ذاتی فوائد نے بھارتی فضائیہ کو نااہلی کی نذر کردیا۔
گزشتہ ایک سال کے دوران بھارتی فضائیہ کے متعدد لڑاکا طیارے حادثات کا شکار ہوچکے ہیں، 13 فروری 2024 کو بھارتی فضائیہ کا ہاک ایم کے-132 تربیتی طیارہ مغربی بنگال کے کلائیکنڈا ایئر فورس سٹیشن کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔
بارہ مارچ 2024 کو بھارتی فضائیہ کا لائٹ کامبیٹ ایئرکرافٹ راجستھان کے علاقے میں تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوا، 3 اپریل 2024 کو لداخ میں آپریشنل تربیتی مشن کے دوران بھارتی فضائیہ کے اپاچی ہیلی کاپٹر کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔
جون 2024 میں ناسک، مہاراشٹرا میں بھارتی فضائیہ کا سخوئی طیارہ تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہو ا، ستمبر 2024 میں ایک مگ تھری طیارہ ساحل پر جبکہ راجستھان کے ضلع باڑ میر میں مگ 29 طیارہ رات کو تربیتی پرواز کے دوران فنی خرابی کا شکار ہو کر گر گیا۔
اکتوبر 2024 میں، بھارتی فضائیہ کے اے ایل ایچ ہیلی کاپٹر کی انجن فیل ہونے کے باعث ریاست بہار کے دلدلی علاقے میں ہنگامی لینڈنگ کی گئی جس سے طیارے کو شدید نقصان پہنچا، نومبر 2024 میں آگرہ کے قریب ایک اور مگ 29 تربیتی پرواز کے دوران فنی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا۔
فروری 2025 میں مدھیہ پردیش کے ضلع شیوپوری میں میراج 2000 طیارہ فنی خرابی کے باعث تباہ ہو گیا۔7 مارچ 2025 کو دو حادثات کے دوران امبالا میں جگوار طیارہ گر کر تباہ ہوا جبکہ مغربی بنگال میں اے این 32 طیارہ ہنگامی لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔
2 اپریل 2025 کو جام نگر کے قریب بھارتی فضائیہ کا جیگوار لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں پائلٹ بھی ہلاک ہو گیا۔ تمام حادثات میں مشترکہ عنصر "تکنیکی خرابی" رہا۔
دفاعی ماہرین کے مطابق پے در پے جدید طیاروں کا گر کر تباہ ہونا بھارتی فضائیہ کی دفاعی صلاحیت پر ایک گہرا سوالیہ نشان ہے، بھارتی فضائیہ میں رونما ہونے والے حادثات نے ادارے کی پیشہ ورانہ اور تربیتی کمزریوں کو بے نقاب کردیا۔ ہر حادثے کے بعد رسمی کورٹ آف انکوائری کا اعلان کیا جاتا ہےجو منظر عام پر نہیں لائی جاتی، بھارتی فضائیہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں ناکام ہونے کے ساتھ ساتھ پائلٹوں کی تربیت میں بھی ناکام نظر آتی ہے۔
دفاعی ماہرین کے مطابق آئے روز بھارتی فضائیہ میں رونما ہونے والے حادثات یہ ثابت کرتے ہیں کہ بھارتی فضائیہ جنگی تیاریوں میں کمزور ہو چکی ہے، بھارتی فضائیہ کی ناکامی چھپانے کے لیے مودی سرکار اسے میڈیا کے ذریعے تشہیر اور ابھینندن جیسے نااہل پائلٹ کو ایوارڈ سے نوازتی ہے۔