فیصل آباد میں نئے تعلیمی سال کا آغاز ہوچکا مگر مہنگائی نے والدین کی خوشیوں کو نظر لگا دی، درسی کتب ہوں یا اسٹیشنری تمام اشیاء کی قیمتوں میں 25 فیصد تک اضافے نے شہریوں کا بجٹ آؤٹ کردیا
بچوں کو اچھی تعلیم دلوانا والدین کیلئے کڑا امتحان بن گیا، اشیائے ضروری کے ساتھ ساتھ درسی کتب اور اسٹیشنری سمیت دیگر اشیاء بھی مہنگی ہوگئیں۔
فیصل آباد میں نیا تعلیمی سال شروع ہوگیا، چہروں پر خوشی نہیں بلکہ فکروں کے سائے ہیں، درسی کتابیں، کاپیاں، پنسلز، مارکرز، ہر چیز کی قیمت میں 25 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔
والدین کا کہنا ہے کہ جو چیزیں پہلے 5 ہزار میں مل جاتی تھیں اب 8 سے 9 ہزار میں مل رہی ہیں، ہمارے تو ہاتھ کھڑے ہوگئے، کیسے خرچے پورے کریں، کمر ٹوٹ گئی ہے بچوں کو پڑھانا مشکل ہوگیا ہے۔
دکاندار کے مطابق اسٹشنری کی قیمتوں میں اضافے کے باعث کاروبار متاثر ہورہا ہے، ہر چیز میں 25 فیصد سے زائد اضافہ ہوگیا، جو پنسل پہلے 15 روپے کی تھی اب 20 سے 25 روپے میں ہوگئی ہے، کتابیں بھی مہنگی ہیں اب تو لوگ خریدتے بھی مجبوراً ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پرائیویٹ اسکولوں نے فیسوں میں بھی 10 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا۔