وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے منی لانڈرنگ کیس میں ملزم ارمغان کے اثاثوں کی معلومات کے لیے انٹرپول سے رابطہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزم ارمغان کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات میں بڑا فیصلہ کرلیا گیا، ایف آئی اے نے انٹرپول سے ارمغان کے سلور نوٹس کے اجرا کےلیے رابطہ کرلیا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق سلور نوٹس کے ذریعے ارمغان کے بیرون ملک اثاثہ جات کی تفصیلات حاصل کی جائینگی، سلور نوٹس کے اجرا کے بعد ارمغان کے بیرون ملک بینک اکاونٹس سیز کروائے جا سکیں گے۔
ارمغان کا منی لانڈرنگ کا پیسہ پاکستان لانے کے لیئے بھی سلور نوٹس کے زریعے درخواست کی جائے گی، سلور نوٹس جاری ہونے کی صورت میں 193 ممالک میں ارمغان کے اثاثہ جات کی کھوج لگائی جا سکے گی۔
خیال رہے کہ انٹرپول کی جانب سے آج تک صرف ایک سلور نوٹس جاری کیا گیا ہے، ارمغان کا سلور نوٹس دنیا بھر میں انٹرپول کی جانب سے جاری ہونے والا دوسرا نوٹس ہوگا۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے ڈیفنس میں قتل ہونے والے نوجوان مصطفیٰ عامر کے مقدمہ قتل میں گرفتار مرکزی ملزم ارمغان کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
تحقیقات کے مطابق ارمغان 2018 سے غیر قانونی کال سینٹرز چلا رہا تھا جہاں سے ماہانہ 3 سے 5 لاکھ ڈالرز کی غیر قانونی آمدنی کرپٹو کرنسی میں منتقل کی جاتی رہی۔