امریکا کی جانب سے مختلف ممالک پر اضافی ٹیرف کے نفاذ کے نتیجے میں پیدا ہونیوالا بحران شدت اختیار کر گیا، عالمی اسٹاک مارکیٹ کے بعد یورپ کی مارکیٹوں میں بھی بھونچال آگیا، مارکیٹیں 7.50 فیصد تک گر گئیں۔
عالمی اسٹاک مارکیٹ کا بحران یورپ بھی پہنچ گیا، ایشیائی مارکیٹوں کے بعد یورپ کے حصص بازاروں میں بھی شدید مندی کا رجحان ہے۔
جرمنی کی فرینکفرٹ اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری کے آغاز میں مندی چھاگئی، ڈیکس انڈیکس میں 10 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی۔
یورپین اسٹاک مارکیٹ میں 6.46 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی، لندن اسٹاک مارکیٹ میں 5.25، فرینکفرٹ میں 7.50 اور فرانسیسی اسٹاک مارکیٹ میں 6.11 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اس سے قبل ڈاؤ جونز 3.8 فیصد جبکہ ایس اینڈ پی میں 4.3 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، نیسڈیک میں کاروباری ہفتے کا آغاز 5.2 فیصد مندی سے ہوا۔
ایشیائی مارکیٹوں میں بھی مندی کا رجحان ہے، جاپانی اسٹاک مارکیٹ کے حصص میں 1.8 اور کوریائی مارکیٹ میں 4 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔
واضح رہے کہ عالمی مندی کا اثر پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر بھی پڑا اور کاروبار کے پہلے ہی روز کے ایس ای 100 انڈیکس 6287 پوائنٹس کی تاریخی گراوٹ کا شکار ہوگیا، جس کے بعد کاروبار بند کرنا پڑا۔