ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر مختلف کارروائیوں کے دوران گداگری، دھوکہ دہی اور جعلی سفری دستاویزات پر سفر کرنے والے 3 مسافروں کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق، پہلی کارروائی میں وزٹ ویزہ پر بھیک مانگنے کی غرض سے یو اے ای جانے والی خاتون مائی داملو کو گرفتار کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق، مذکورہ خاتون اس سے قبل بھی سعودی عرب میں بھیک مانگنے کے الزام میں ڈی پورٹ ہو چکی ہے۔
دوسری کارروائی میں جنوبی افریقہ کی غیر قانونی شہریت حاصل کرنے والے ایک مسافر کو گرفتار کیا گیا۔ مسافر علی رضا نے سیلیمان گھانچی کے نام سے جنوبی افریقہ کا پاسپورٹ حاصل کیا تھا اور ایمرجنسی پاسپورٹ پر پاکستان واپس پہنچا تھا۔
اسی طرح تیسری کارروائی میں ٹمپرڈ پاسپورٹ پر سعودی عرب جانے والے محمد صالح کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزم نے سید غلام شاہ عباس نامی ایجنٹ کو 5 لاکھ روپے دے کر جعلی کینیڈین ویزا حاصل کیا تھا۔ مسافر کے قبضے سے جعلی ویزے اور کینیڈین اسٹیمپ کی تصاویر بھی برآمد ہوئیں۔
ایف آئی اے نے تمام گرفتار مسافروں کو حراست میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل منتقل کر دیا۔