وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں اپنی نوعیت کے پہلے اور منفرد "سہولت آن دی گو" بازار منصوبے کی اصولی منظوری دے دی۔ اس منصوبے کے تحت لاہور میں 14 مقامات پر پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کے لیے پلان طلب کر لیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے میں ملتان روڈ، ہنجروال، مانگا منڈی، رائیونڈ، جی ون مارکیٹ، فیصل ٹاؤن، مون مارکیٹ، بیدیاں روڈ، ملت روڈ، گلشن راوی، شاہدرہ، شادمان اور سنگھ پورہ میں "سہولت آن دی گو" بازار قائم کیے جائیں گے۔ ان بازاروں میں روڈز کے اطراف میں یکساں طرز کی کاٹیج ٹاپ شاپس بنائی جائیں گی، جہاں عوام کو اشیائے خورونوش اور ضروری سامان بآسانی دستیاب ہوگا۔
بازاروں میں صاف ستھرے ماحول اور سیکیورٹی کا خاص اہتمام کیا جائے گا۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب سے چیئرمین پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی افضل کھوکھر نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی ہر تحصیل میں اس منصوبے کو توسیع دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت دی کہ "سہولت آن دی گو" بازاروں کے لیے روڈ کے اطراف میں سرکاری اراضی کو استعمال میں لایا جائے اور منصوبے کے پائلٹ پراجیکٹ کو چار ماہ میں مکمل کیا جائے۔