وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو بیلا روس میں اسٹیٹ گیسٹ کا درجہ حاصل ہوگیا جبکہ سرکاری دورے کے دوران انہوں نے بیلا روس کے وزرا سے اہم ملاقاتیں اور منسٹیریل سیشن سے خطاب بھی کیا۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی قیادت میں جانے والے وفد میں مواصلات، فوڈ، انڈسٹری اور داخلہ کے وفاقی سیکرٹری صاحبان ، ڈپٹی گورنر سٹیٹ بینک،سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن اور سیکرٹری تجارت بھی شامل ہیں۔
عبدالعلیم خان نے سرکاری دورے کے آغاز پر بیلاروس کے وزیر توانائی ڈینس موروز سے ملاقات کی جس کے بعد بیلاروس میں منسٹریل سیشن میں شرکت کی اور اپنے خطاب میں پاکستان اور بیلاروس کے مختلف شعبوں میں اشتراک کے فروغ پر زور دیا۔
اپنے خطاب میں عبدالعلیم خان نے کہا وزیر اعظم شہباز شریف آئندہ ہفتے بیلا روس کا اہم دورہ کریں گے جس میں دونوں ممالک کے مابین مختلف ایمز او یو پر دستخط ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے دورے میں پاک بیلاروس دو طرفہ تعاون کے فروغ پر عملی پیشرفت متوقع ہے۔
دونوں ممالک کے مابین جوائنٹ منسٹریل کانفرنس کے آٹھویں سیشن پر اتفاق بھی ہو چکا جبکہ وزیر اعظم پاکستان کے بیلاروس کے دورے پر دوسرا بزنس فورم بھی منعقد ہوگا۔