بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی رواں سال عید پر ریلیز ہونے والی فلم ’سکندر‘ باکس آفس پر کوئی خاص کمال نہ دکھا سکی اور فلم نے اپنے ابتدائی تین دنوں میں بھارتی باکس آفس پر محض 74 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا جو سلمان خان کے شاندار فلمی ریکارڈ کے مقابلے میں خاصی مایوس کن کارکردگی ہے۔
رپورٹس کے مطابق فلم نے پہلے دن 26 کروڑ، دوسرے دن 29 کروڑ اور تیسرے دن 19 کروڑ 50 لاکھ بھارتی روپے کمائے۔
تیسرے دن فلم کی کمائی میں 32 فیصد سے زائد کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد بھارت بھر کے کئی سنیما گھروں سے فلم کو ہٹانے کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
میڈیا رپورٹس نے دعویٰ کیا ہے کہ سلمان خان کے 37 سالہ فلمی کیرئیر میں یہ پہلا موقع ہے کہ ان کی فلم ریلیز کے محض تیسرے دن ہی نقصان کی وجہ سے سنیما گھروں سے ہٹائی جا رہی ہو۔
بھارت کے کئی شہروں میں سنیما مالکان نے ’سکندر‘ کے ٹکٹس فروخت نہ ہونے کے باعث مقامی ملیالم فلم ’ایل 2: امپوران‘ کے شوز رکھنے کا فیصلہ کیا۔
لیجنڈری اداکار موہن لعل کی یہ فلم 27 مارچ کو ریلیز ہوئی تھی اور اب تک باکس آفس پر 250 کروڑ بھارتی روپے سے زائد کا بزنس کرچکی ہے۔
واضح رہے کہ 200 کروڑ بھارتی روپے کے بجٹ سے بننے والی فلم ’سکندر‘ میں سلمان خان کے ہمراہ ستھیاراج، راشمیکا مندانا اور کاجول اگروال نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔