پاکستان فلم انڈسٹری کے معروف ہدایتکار حسن عسکری انتقال کرگئے، وہ طویل عرصے سے پھیپھڑوں کے سرطان میں مبتلا تھے۔
پاکستنا فلم انڈسٹری کے مشہور و معروف ہدایتکار حسن عسکری لاہور کے شیخ زید اسپتال میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔
رپورٹ کے مطابق سینئر فلم ہدایتکار حسن عسکری پھپھڑوں کے سرطان میں مبتلا تھے۔
حسن عسکری کا شمار پاکستانی فلم انڈسٹری کے سینئر ترین ہدایت کاروں میں ہوتا تھا، انہوں نے پروڈکشن، تحریر اور ایڈیٹنگ میں بھی اپنی وسیع مہارت منوائی۔
حسن عسکری نے انڈسٹری کو شاندار فلمیں دے کر دو بار نیشنل فلم ایوارڈ اپنے نام کیا، انہوں نے 50 سے زائد فلمیں بنائیں، جن میں طوفان، خون پسینہ، سلاخیں، آگ، کنارا، تیرے پیار میں سمیت دیگر کو زبردست پذیرائی ملی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے فلم ڈائریکٹر و رائٹر حسن عسکری کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ اللہ تعالٰی مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے، اللہ تعالی غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔