وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ امید ہے وزیراعظم شہبازشریف عوام کو قانونی حقوق دلانے میں قائدانہ کردار ادا کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے وزیراعظم شہبازشریف کو پن بجلی خالص منافع کی مد میں خیبرپختونخوا کے بقایاجات کی ادائیگیوں کےلیے مراسلہ ارسال کردیا۔
مراسلے میں آئین کے آرٹیکل161(2) میں پن بجلی خالص منافع کا معاملہ واضح کیا گیا ہے، خط کے متن کے مطابق پن بجلی گھروں سے حاصل منافع کی رقم متعلقہ صوبوں کو ملنی ہے۔
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ صوبوں کوملنے پن بجلی گھروں سے حاصل منافع والی رقم کی شرح کاتعین مشرکہ مفادات کونسل نے کرناہے، کمیٹی کا اجلاس جلد بلانے کیلئے پلاننگ کمیشن کو احکامات جاری کیے جائیں۔
خط میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ درپیش مالی بحران کے پیش نظر مسئلے کے فوری حل کی ضرورت ہے، امید ہے وزیراعظم عوام کو قانونی حقوق دلانے میں قائدانہ کردار ادا کریں گے۔