وزیراعظم شہباز شریف نے حکومتی اور سیاسی شخصیات کو ٹیلی فون کرکے عید کی مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی فلاح و بہبود کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عید الفطر کے موقع پر مختلف حکومتی و سیاسی شخصیات سے ٹیلی فون پر رابطے کیے اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے گورنر سندھ کامران ٹیسوری، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے گفتگو میں صوبوں کی ترقی کو ملکی استحکام کے لیے ضروری قرار دیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وفاقی وزراء خالد مقبول صدیقی، چوہدری سالک حسین اور سردار خالد مگسی سے بھی فرداً فرداً بات کی۔
وزیراعظم نے مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین، جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، اویس نورانی اور پروفیسر ساجد میر سے بھی بات کی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قومی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے سب کو یکجا ہو کر کام کرنا ہوگا۔ سیاسی رہنماؤں نے بھی وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے وزیراعظم آزاد کشمیر، گورنر پنجاب اور گورنر گلگت بلتستان کو عید کی مبارکباد دی، وزیراعظم شہبازشریف نے تمام رہنماؤں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر،گورنر پنجاب اور گورنر گلگت بلتستان نے بھی عید مبارکباد دی۔ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کےلئے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔