پشاور کے طلباء نے عید الفطر کے موقع پر وطن کے محافظوں سے محبت اور احترام کا انوکھا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے پاک، افغان سرحد پر ڈیوٹی انجام دینے والے جوانوں کے لیے اپنے ننھے ہاتھوں سے خصوصی عید کارڈز تیار کیے اور انہیں فارورڈ پوسٹوں تک پہنچایا۔
یہ کارڈز عید کے دن سرحدوں کی حفاظت کرنے والے بہادر جوانوں کے لیے ایک پیار بھرا پیغام ثابت ہوئے۔
بچوں نے ان کارڈز میں دل موہ لینے والے پیغامات لکھے جن میں "ہمیں آپ پر فخر ہے، ہمیں آپ سے محبت ہے" اور "ہم آپ کے ساتھ ہیں! آپ کو عید مبارک، عید کی خوشیاں مبارک" جیسے الفاظ شامل تھے۔
طلباء نے اپنے پیغام میں لکھا "ہمیں احساس ہے کہ آپ کی فیملی اور بچے آپ کو عید والے دن یاد کر رہے ہوں گے، مگر آپ ہماری حفاظت کے لیے بارڈر پر عید منا رہے ہیں۔"
ان کارڈز کو دیکھ کر سرحدی جوانوں کے حوصلے بلند ہوئے اور ان کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھر گئیں۔
بچوں کے اس جذبے نے نہ صرف محافظوں کے عزم کو مضبوط کیا بلکہ قوم اور فوج کے درمیان محبت کے رشتے کو بھی اجاگر کیا۔