حکومت پاکستان کی جانب سے غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں اور افغان سیٹیزن کارڈز ہولڈرز کے انخلاء کے فیصلے کے تحت اب صرف ایک روز باقی رہ گیا ہے ۔
حکومت نے ان افراد کو 31 مارچ 2025 تک پاکستان چھوڑنے کا حتمی حکم جاری کیا تھا اور یہ ڈیڈلائن ختم ہونے میں محض چند گھنٹے باقی ہیں۔
تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق 29 مارچ تک 8 لاکھ 84 ہزار 261 غیر قانونی افغان باشندے پاکستان سے واپس جا چکے ہیں اور یہ سلسلہ بدستور جاری ہے۔
حکومت نے واضح کیا کہ مقررہ تاریخ کے بعد بھی ملک میں موجود غیر قانونی افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
حکومت پاکستان نے انخلاء کے عمل کو پرامن بنانے کے لیے یقین دہانی کرائی ہے کہ واپس جانے والوں کے ساتھ کسی قسم کی بدسلوکی نہیں کی جائے گی۔
اس سلسلے میں واپسی کے خواہشمند افراد کے لیے خوراک اور صحت کی سہولیات سمیت تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ملکی سلامتی اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے، اور 31 مارچ کے بعد کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔