کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے 2025-26 ہوم انٹرنیشنل سیزن کے شیڈول کا اعلان کردیا جس کے تحت آسٹریلیا کے 11 شہروں کے 14 مختلف میدانوں میں بین الاقوامی میچز کھیلے جائیں گے اور اس سیزن میں جنوبی افریقا، بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں آسٹریلیا کا دورہ کریں گی۔
سیزن کا آغاز 10 اگست 2025 سے جنوبی افریقا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی اور تین ون ڈے میچز کی سیریز سے ہوگا۔
اس کے بعد بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان وائٹ بال سیریز کھیلی جائے گی جس میں تین ون ڈے اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہیں، ون ڈے سیریز کا پہلا میچ 19 اکتوبر کو پرتھ، دوسرا 23 اکتوبر کو ایڈیلیڈ اور تیسرا 25 اکتوبر کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے دو میچز 29 اکتوبر کو کینبرا اور 31 اکتوبر کو میلبرن میں ہوں گے جبکہ آخری تین میچز 2 نومبر کو ہوبارٹ، 6 نومبر کو گولڈ کوسٹ اور 8 نومبر کو برسبین میں شیڈول ہیں۔
ایشیز سیریز کا آغاز 21 نومبر 2025 سے ہوگا جس میں انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔
اس سیریز کا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ برسبین میں جبکہ روایتی کرسمس ٹیسٹ ایڈیلیڈ میں منعقد ہوگا۔
وہیں، بھارت کی ویمنز ٹیم فروری 2026 میں آسٹریلیا کا دورہ کرے گی جہاں وہ تین ٹی ٹوئنٹی، تین ون ڈے اور ایک ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔