صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کی گئی ہے۔
ایوان صدر سے جاری خصوصی بیان میں صدر مملکت آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پوری قوم اورعالمِ اسلام کو عیدالفطر پر دلی مبارکباد دیتا ہوں اور خوشی کا یہ دن رمضان المبارک کی برکتوں،عبادات اور تقویٰ کے سفر کے بعد نصیب ہوتا ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ عیدالفطر اللہ تعالیٰ کا انعام ہے جو اللہ نے ہمیں روزے کی مشقت پرعطا کیا ہے، یہ مہینہ ہمیں صبر ، برداشت، عبادت اور غریبوں کی مدد کا درس دیتا ہے اور اب یہ ہماری ذمہ داری ہے عملی زندگی میں اخلاص ، ایمانداری اور محبت کے جذبات کو برقرار رکھیں۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ عیدالفطر کے موقع پر معاشی مشکلات کے شکار بہن بھائیوں کو یاد رکھنا چاہیے، ہمیں چاہیے زکوٰۃ ، صدقات اور فطرانہ بڑھ چڑھ کر ادا کریں تا کہ کوئی بھی ضرورت مند محروم نہ رہے اور یہ دن ہمیں اتحاد اور یکجہتی کا بھی درس دیتا ہے کہ ہم اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔
انہوں نے کہا کہ ایک دوسرے کا سہارابنیں ، پاکستان کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ اہل مقبوضہ کشمیر کیلئے بھی دعا گو ہوں کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلدآزادی کے ساتھ عید نصیب فرمائے۔
صدر مملکت نے دعا کی کہ میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمارے روزے اور عبادات قبول فرمائے اور پاکستان کو امن اور خوشحالی کی راہ پر ڈال دے۔ آمین!۔
وزیر اعظم کا پیغام
اپنے خصوصی بیان میں وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے عید کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ دن ہمیں خوشی، شکرگزاری، اخوت اور ہمدردی کا درس دیتا ہے، رمضان المبارک میں ہمیں تقویٰ، صبر اور قربانی کی تربیت ملی، ہمیں چاہیے کہ زندگیوں میں رمضان کے بعد بھی اسے جاری رکھیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کو اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے خطرات لاحق ہیں اور ہمیں ہر قسم کی انتہا پسندی، نفرت اور فرقہ واریت سے بچنا ہوگا جبکہ ملک کی سالمیت اور استحکام کے لیے ہمیں متحد ہونا ہوگا۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینا، معیشت، معاشرت اور قومی یکجہتی کا استحکام سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، حکومت اقتصادی بحالی،امن و امان اور سماجی استحکام کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں چاہیے کہ متحد ہو کر ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں، پاکستان دہشت گردوں کے خلاف ایک جنگ سے گزر رہا ہے، پاک فوج کے افسران اور جوان امن کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں، تمام شہدا کی بلندی درجات کے لیے دعاگو اور خاندانوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کرتے ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سانحہ جعفر ایکسپریس کے شہیدوں کے لئے بھی دعاگو اور پسماندگان کے غم شریک ہیں، آج کے دن ہمیں فلسطین اور کشمیری مظلوم بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، پاکستان ہمیشہ فلسطینی اور کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ہمیشہ رہے گا، عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں روکے اور داد رسی کرے۔