وفاقی وزیر مواصلات اور صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے عید الفطر سے قبل لاہور کے سروسز، میو اور چلڈرن اسپتالوں کا دورہ کیا۔
صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان نے ان اسپتالوں میں قائم عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن کے ڈائیلسز سینٹرز کا جائزہ لیا اور مریضوں سے ملاقاتیں کیں۔
اس موقع پر انہوں نے مریضوں کو عید کی مبارکباد دی، ان کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کیں۔
چلڈرن اسپتال میں انہوں نے ڈائیلسز کے زیر علاج بچوں میں عیدی بھی تقسیم کی جس سے بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھر گئیں۔
عبدالعلیم خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکھی انسانیت کی بلاتفریق خدمت اللہ تعالیٰ کی عظیم توفیق ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عبدالعلیم خان فاؤنڈیشن تینوں اسپتالوں میں جدید ڈائیلسز سہولیات مفت فراہم کر رہی ہے اور مریضوں کے ساتھ ان کے اٹینڈنٹس کا بھی خیال رکھا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کا مشن معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد کرنا ہے، اور اس سلسلے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
سروسز اور میو اسپتال میں مریضوں نے عبدالعلیم خان سے خصوصی ملاقات پر تشکر کا اظہار کیا۔
مریضوں اور ان کے لواحقین نے کہا کہ بہترین اور بلامعاوضہ ڈائیلسز سہولیات پر ہم عبدالعلیم خان اور ان کے خاندان کے لیے دعاگو ہیں، آپ نے عید کی خوشیوں میں ہمیں شریک کیا اس کے لیے دل سے دعائیں نکلتی ہیں۔