کراچی میں قائد آباد پل کے قریب پولیس کیمپ پر نامعلوم افراد کے حملے میں 3 پولیس اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق رات گئے قائد آباد میں لگائے گئے پولیس کیمپ پرملزمان کے کریکر حملے میں تین اہلکاروں سمیت چارافراد زخمی ہوگئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق دو ملزمان نے پل سے کریکر پھینکا اور فرار ہوگئے، کیمپ میں پانچ اہلکار موجود تھے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی نفری موقع پرپہنچی اورعلاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ کرائم سین یونٹ اوربم ڈسپوزل اسکواڈ نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔ حملے میں روسی ساختہ گرینڈ استعمال ہوا میں جس میں 60 سے 70 گرام بارود تھا۔
ایس ایس پی ملیر کاشف عباسی کا کہنا ہے کہ وزیرداخلہ سندھ ضیاالحسن لنجارنے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔