نجی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کی فیسوں کے حوالے سے بڑا فیصلہ کرلیا گیا، حکومت نے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کیلئے ٹیوشن فیس کی زیادہ سے زیادہ حد 18 لاکھ روپے مقرر کرنے کی تیاری کرلی۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیرصدارت میڈیکل ایجوکیشن سے متعلق قائم خصوصی کمیٹی کے پانچویں اجلاس کے اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے وسیع مشاورت کے بعد سالانہ ٹیوشن فیس کی حد مقرر کرنے کی سفارش کی۔
اجلاس میں پرائیوٹ میڈیکل کالجوں میں فیس ریگولیشن اور ریشنلائزیشن، فیس کے ڈھانچے میں اصلاحات کا جائزہ لیا۔ اعلامیے کے مطابق افراط زر کی بنیاد پر 18 لاکھ روپے کی مقررہ حد میں سالانہ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ نئی حد سے کم فیس لینے والے اداروں کی موجودہ سطح پر فیس محدود رہے گی، ایسے نجی اداروں کو افراط زر کی بنیاد پر سالانہ اضافے کی اجازت ہوگی۔