گوادر کے علاقے کلمت میں کوسٹل ہائی وے پر مسلح افراد نے گاڑیوں کو روک لیا مسافر بس سے شناخت کے بعد 4 مسافروں کو قتل کردیا گیا، جبکہ 3 کو اغوا کرلیا گیا۔
لیویز ذرائع کے مطابق مسافر بس گوادر سے کراچی جارہی تھی واقعے کی اطلاع ملتے ہی لیویز اور سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوگئی۔ جاں بحق افراد کا تعلق پنجاب سے بتایا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ بلوچستان میں مسافر بسوں کو روک کر مسافروں کی شناخت کے بعد قتل کرنے کے واقعات ایک عرصے سے پیش آرہے ہیں۔ اس طرح کی کارروائیوں میں زیادہ تر مسلح علیحدگی پسند گروہ ملوث ہوتے ہیں، جو پنجاب کے یا غیر مقامی افراد کو نشانہ بناتے ہیں۔