وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ کل 27 مارچ سے پشاور سے کوئٹہ جعفر ایکسپریس روانہ ہوگی جبکہ 28 مارچ کو جعفر ایکسپریس کوئٹہ سے پشاور روانہ ہوگی، 29 مارچ کو عید کیلئے اسپیشل ٹرین کوئٹہ سے روانہ ہوگی، عید کے پہلے 3 دنوں کیلئے ٹرین کے کرایوں میں 20 فیصد رعایت رکھی گئی ہے۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے بتایا کہ بولان ایکسپریس اب سے روزانہ کی بنیاد پر چلائی جائے گی جو پہلے ہفتے میں 2 دن چلتی تھی، بلوچستان سے اب 3 کے بجائے 9 مسافر ٹرینیں چلائیں گے، وزیراعظم کے احکامات پر ملک بھر میں 5 عیداسپیشل ٹرینیں چلائیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ ریلوے اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے مسائل ہیں، ریلوے پولیس میں 500 نئی بھرتیاں کی جائیں گی، 70 فیصد کا تعلق بلوچستان سے ہوگا، اگلے مرحلے میں ایک ہزار مزید افراد کو بھرتی کیا جائے گا۔
حنیف عباسی نے کہا کہ سانحہ جعفر ایکسپریس پر بہت افسوس ہے، تمام دنیا نے سانحہ جعفر ایکسپریس کی مذمت کی، جعفر ایکسپریس حملے میں مقامی سطح پر سہولتکاری ہوئی، معصوم بچے، عورتوں، جوان اور بزرگوں کو نشانہ بنایا گیا۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے مہارت سے نہتے مسافروں کی زندگی کو محفوظ بنایا، فوجی جوانوں کو سلیوٹ اور خراج تحسین پیش کرتا ہوں، دشمن نے فرقہ واریت، لسانیت اور محرومی کو بہانہ بناکر دہشتگردی کو پروان چڑھایا، پاکستان کیخلاف منصوبہ بندی کیساتھ سازش کی جارہی ہے۔
حنیف عباسی نے مزید کہا کہ دشمن کو معلوم ہے وہ پاکستان میں داخل نہیں ہوسکتے ہم نیوکلیئر پاور ہیں، ہم صوبائیت اور قومیت کے نعروں کی مذمت کرتے ہیں، انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں ہوتی جو ادا کی جاسکے۔
وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ کہ دشمنوں کو معلوم ہے کہ ہمیں شکست نہیں دے سکتے، دشمنوں نے کبھی فرقہ وارانہ تو کبھی قومیت کی بنیاد پر دہشتگردی کی، سیکیورٹی اداروں، کمانڈوز اور فوجی جوانوں نے پروفیشنل اور ماہرانہ انداز میں آپریشن میں حصہ لیا۔
حنیف عباسی نے کہا کہ اللہ کا خاص کرم ہوا، بہت بڑے نقصان سے بچ گئے، ریاست نے ہر سطح پر یہ فیصلہ کیا ہے دہشتگردی کا ہر فورم پر مقابلہ کریں گے، کبھی کسی نے نہیں سنا راولپنڈی میں کسی بلوچ کو مارا گیا ہو، جانتے ہیں بلوچ پنجاب یا پنجابیوں کیخلاف نہیں، چند عناصر ان کا نام استعمال کرکے دہشتگردی کرتے ہیں۔