آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کا ریکو ڈِک منصوبے کے حوالے سے اہم سنگِ میل عبور کرنے کا دعویٰ کردیا۔ کمپنی نے منصوبے کی اپ ڈیٹڈ فزیبلٹی اسٹڈی میں62کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کی تصدیق کردی۔
آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے ریکوڈک منصوبے کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کرنے کا اعلان کر دیا۔ منصوبے کا دورانیہ37 سال، 13.1 ملین ٹن تانبہ،17.9 ملین اونس سونا حاصل ہوگا۔ پراجیکٹ کا پہلا مرحلہ 2028 ،فیز ٹو 2034 میں شروع ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق او جی ڈی سی ایل بورڈ نے فنانسنگ انتظامات کی منظوری بھی دے دی۔ 37 سال کے متوقع دورانیے کے منصوبے سے تقریباً 13.1 ملین ٹن تانبہ اور 17.9 ملین اونس سونا حاصل ہوگا۔
فزیبلٹی اسٹڈی میں تصدیق کی گئی ہے کہ بلوچستان میں ریکوڈک منصوبے میں موجودہ قیمتوں پر 60 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے تانبے اور سونے کے ذخائر موجود ہیں۔
ریکوڈِک پراجیکٹ کے 50 فیصد شیئرز کینیڈا کی آپریٹر کمپنی بیریک گولڈ کارپوریشن کے پاس ہیں۔ او جی ڈی سی ایل، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ اور گورنمنٹ ہولڈنگز پرائیویٹ لمیٹڈ سمیت تین سرکاری ادارے 25 فیصد جبکہ 25 فیصد بلوچستان حکومت کا شیئر ہے۔
ایم ڈی او جی ڈی سی ایل احمد حیات لک کا کہنا ہے کہ او جی ڈی سی ایل مشہور ریکوڈک مائنگ پراجیکٹ کے مشترکہ منصوبے کا شراکت دار ہے اور ہم دنیا کی صف اول کی مائننگ کمپنیز کے ساتھ تعاون اور ساکھ بڑھانے کیجانب دیکھ رہے ہیں۔
فزیبلٹی اسٹڈی کے مطابق دو مراحل پر مشتمل ریکوڈِک مائن پراجیکٹ کا ساڑھے 5 ارب ڈالر سے زائد لاگت کا پہلا فیز 2028 میں شروع ہوگا،جس کی پروسیسنگ کیپسٹی 45 ملین ٹن ہوگی۔ 2034 میں فیز تو شروع کرکے یہ گنجائش 90ملین ٹن تک بڑھائی جائے گی۔