وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کا ورچوئل اجلاس ہوا جس دوران پیٹرولیم ڈویژن کی ریکوڈک منصوبے سے متعلق سمری کا جائزہ لینے کے بعد سمری میں شامل تجاویز کی منظوری بھی دیدی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ نے چین سے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی ، اجلاس میں ای سی سی کا منصوبے کی لاگت میں اضافے کے عوامل پر غور کیا گیا جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سمری میں شامل تجاویز کی منظوری بھی دے دی۔
وزارت خزانہ کے مطابق سمری میں منصوبے کی حکمت عملی ،مالیاتی وعدے، اور مالی ضروریات ، منصوبےکے دائرہ کار میں توسیع کے پیش نظر کی گئی ترامیم بھی شامل ہیں۔ توانائی کے ذرائع، متبادل پانی کی فراہمی کے آپشنز، اور جدید پروسیسنگ پلانٹس و مشینری منصوبے کا حصہ ہیں ۔
اجلاس میں وزارت پیٹرولیم اور وزارت خزانہ کو قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور تمام متفقہ اقدامات کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی۔ اس کے علاوہ، وزارت بین الصوبائی رابطہ کی طرف سے پیش کردہ سمری کی بھی منظوری دے دی گئی جبکہ اسپورٹس بورڈ کوچنگ سینٹر اسکردو کی تعمیر کے لیے بیس کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
یاد رہے کہ وزیر خزانہ محمد باؤ فورم برائے ایشیا 2025 میں شرکت کیلئے چین کے دورے پر ہیں۔