بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے مرضی کے لوگوں کی ملاقاتیں کروائی جارہی ہیں، سوشل میڈیا پر جو کچھ ہو رہا ہے، اس کی ذمہ دار آپ ہیں۔
بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ انہیں اور ان کی بہنوں کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی ہمارے لوگ 26 نومبر کے بعد سے جیلوں میں ہیں، لیکن وہ ذات کے لیے نہیں بلکہ پاکستان کے لیے قید کاٹ رہے ہیں اپنے اسیروں کے لیے جو کچھ ممکن ہوا وہ کریں گی۔
علیمہ خان نے کہا کہ جعلی کیسز کو گھسیٹا جا رہا ہے، بانی سے چاہتے کیا ہیں؟ بانی نے وکلا سے ملاقات میں بڑی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی سے مرضی کے لوگوں کی ملاقاتیں کروائی جا رہی ہیں جبکہ جو لوگ بانی سے ملنا چاہتے ہیں انہیں نہیں ملنے دیتے۔
انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی میں مجھے بتایا گیا کہ سوشل میڈیا پر جو کچھ ہو رہا ہے، اس کی ذمہ دار آپ ہیں ہمیں جو وکیل بتاتے ہیں ہم اسی پر یقین کرتے ہیں انصاف تو عدالتوں اور ججز نے دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج بانی سے جیل میں فیملی کی ملاقات کا دن تھا، بشریٰ بی بی کی فیملی کو ملاقات دی گئی لیکن ہمیں تینوں بہنوں کو نہیں ملنے دیا گیا۔ ہمیں ڈھائی گھنٹے جیل کے اندر بٹھا کر رکھا گیاجیل انتظامیہ نے کہہ دیا ہے کہ عید کی چھٹیوں میں ملاقات نہیں ہوگی حامد خان اور عزیر بھنڈاری کو بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔