جرمنی کے شہر ریگنسبرگ میں کتوں کی سب سے بڑی پریڈ نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا جس میں 897 کتوں نے حصہ لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریگنسبرگ میں منعقدہ اس شاندار پریڈ میں 897 مختلف نسلوں کے کتوں نے اپنے مالکان کے ہمراہ سڑکوں پر واک کی جسے دنیا کی سب سے بڑی "ڈاگ واک" کا اعزاز دیا گیا۔
اس دوران نہ صرف پریڈ ہوئی بلکہ کتوں اور ان کے مالکان کے لیے مقابلوں اور تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔
کچھ میڈیا رپورٹس میں کتوں کی تعداد 1175 بتائی گئی لیکن گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے حکام نے تصدیق کی کہ پریڈ میں 897 کتوں نے شرکت کی جو اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے اور اسی بنیاد پر یہ ریکارڈ سرکاری طور پر تسلیم کیا گیا۔
اس منفرد اور دلچسپ ایونٹ کا اہتمام ڈیکل میوزیم کے بانی سیپی گلپیک نے کیا اور شرکا نے اس پریڈ کو نہایت شاندار اور یادگار قرار دیتے ہوئے اسے خوب سراہا۔