بلوچستان حکومت نے ریاست مخالف پروپیگنڈوں اور سرگرمیوں میں ملوث سرکاری ملازمین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی کہتے ہیں کہ ضلعی سطح پر ریاست مخالف عناصر کو فورتھ شیڈول میں شامل اور منفی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیرصدارت انتظامی افسران کا اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، متعلقہ حکام نے اجلاس کو بلوچستان میں امن و امان اور سروس ڈیلیوری سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے تمام کمشنرز اور ضلعی افسران کو سب ورژن میں ملوث سرکاری ملازمین کیخلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے ہر تعلیمی ادارے میں قومی ترانہ پڑھا جائے، پاکستان کا قومی جھنڈا لہرایا جائے گا، جن تعلیمی اداروں کے سربراہان ان احکامات کی پابندی نہیں کرواسکتے عہدہ چھوڑ دیں، ریاست کے احکامات کی بجا آوری فرائض منصبی میں شامل ہے۔
سرفراز بگٹی کا مزید کہنا ہے کہ ہر سرکاری افسر اور اہلکار کو عمل کرنا ہوگا، ریاست کیخلاف بیانیہ میں ملوث سرکاری افسران اور ملازمین کیخلاف کارروائی ہوگی، پالیسی حکومت دیتی ہے، عملدرآمد فیلڈ افسران کی ذمہ داری ہے، آئینی حلف کی پاسداری ضروری ہے، ریاست مخالف عناصر کے سامنے نہیں جھکنا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ امن و امان کی بحالی اولین ترجیح ہے، صوبے میں کوئی شاہراہ بند نہیں ہوگی ہر ضلعی افسر اپنے علاقے میں ریاستی رٹ قائم کرنے کا ذمہ دار ہے، دہشت گردی کیخلاف جنگ ریاست کے ہر ادارے اور ہر فرد کی جنگ ہے، ہمیں مل کر لڑنا ہے، کوئی بھی افسر حکومت کی پالیسی پر عملدرآمد نہیں کرسکتا تو رضا کارانہ طور پر عہدے سے الگ ہوجائے۔
ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی سیاسی پریشر سے بالاتر ہوکر تفویض کردہ آئینی ذمہ داری کو پورا کیا جائے، کسی چیک پوسٹ پر بھتہ خوری نہیں چلے گی، ایسی کوئی بھی مصدقہ شکایت ملی تو متعلقہ ایس ایچ او یا رسالدار لیویز نہیں رہے گا، ریاست مخالف عناصر کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے، آئینی حلف کی پاسداری ضروری، ریاست مخالف عناصر کے سامنے نہیں جھکنا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچ نوجوانوں کو لاحاصل جنگ میں دھکیلا جارہا ہے، جس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، ہر سطح پر میرٹ کو فروغ دیکر نوجوانوں کا ریاست پر اعتماد بحال کرنا ہے، یوتھ پالیسی منظور ہوچکی، ضلعی افسران مقامی سطح پر نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کریں۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری بلوچستان، آئی جی پولیس، محکمہ داخلہ، ایس اینڈ جی اے ڈی، سیکریٹریز نے شرکت کی، اجلاس میں دوران فرائض شہید جوانوں کیلئے دعا و فاتحہ خوانی کی گئی۔